Blog Archives

تخلیق کار مگن ہے


تخلیق کار مگن ہے

محبت کے وہ لمحے
جن کے قدموں سے تذبذب سانپ کی طرح لپٹا ہے،
تخلیق کار چاہتا ہے کہ
تیقن کی سرزمین پراپنے نقوش بنائیں،
کیا کمزور اِرادوں کے پیچھے
کسی ہوش رُبا امکان کا جنم ہوسکتا ہے!
یا محض تخلیق کار کو اپنے کینوس کے سامنے
دیر سے بیٹھے بیٹھے کسی نئے
تجریدی تجربے کی ضرورت محسوس ہورہی ہے!
وہ اپنی آنکھوں میں بچھی ہوئی
سرنگوں کے جال میں سرکتے
لہو کے تموّج کوانتظار کی گرمی سے
اُچھال رہا ہے،
جب کینوس پر واٹر کلر سے اسے مزیّن کرے گا
تو محبوب کی آنکھوں سے
دُمدار سیاروں جیسی پلکوں والا
اعتراف کتر لے گا،
اور صحرا کی ریت جیسی
لہروں والے ہونٹوں پر
مسکان کی دیر سے سوئی گھنٹی کو جگادے گا‘
تخلیق کار کیوں جانب دار نہیں رہ سکتا!
اپنے تخیّل اور تحیّر کو مجسم کرکے
جا بہ جا عکس در عکس کیوں پھیلاتا ہے!

……..اور
تخلیق کار بے نیازی سے
کینوس کے سامنے دیر سے بیٹھا
اپنی یکتائی برقرار رکھ کر
کہانی کو کسی نئے زاویے سے
معکوس کرنے میں مگن ہے!